کوئٹہ: نواحی علاقے ہزار گنجی سبزی منڈی میں دھماکے سے 20 افراد جاں بحق جب کہ 48 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے نواحی علاقے ہزا رگنجی سبزی منڈی میں دھماکے سے 20 افراد جاں بحق جب کہ 4 ایف سی اہلکاروں سمیت 48 افراد زخمی ہوئے۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ قریبی عمارتوں کوبھی نقصان پہنچا۔ صوبائی وزیر داخلہ ضیا لانگو نے بتایا کہ دھماکا خودکش تھا۔
ڈی آئی جی کوئٹہ کا کہنا ہے کہ جاں بحق 8 افراد کا تعلق ہزارہ کمیونٹی سے ہے، سبزی منڈی میں دھماکا خیزمواد آلو کی بوری میں رکھا گیا تھا، دھماکے میں جاں بحق اورزخمی افراد ہزارگنجی کی منڈی سے سبزی اورفروٹ خریدنے آئے تھے جب کہ دھماکا ریموٹ کے ذریعے کیا گیا یا ٹائم ڈیوائس تھی اس پر تفتیش کررہے ہیں۔
لاشوں اورزخمیوں کو بولان میڈیکل کمپلیکس اورسول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ سیکیورٹی فورسزنے علاقے کوگھیرے میں لے کر آپریشن کا آغازکردیا ہے۔ جائے وقوعہ پربم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان، صدرپاکستان عارف علوی، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سمیت وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال اوروزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدارسمیت دیگرسیاسی رہنماؤں نے دہشت حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔