واشنگٹن: امریکا نے ایران سے تیل برآمد کرنے والے ممالک کو اقتصادی پابندیوں کی ضمن میں دی گئی استثنیٰ کو ختم کردیا ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے تیل خریدنے والے ممالک کو اقتصادی پابندیوں پر حاصل استثنیٰ کو ختم کردیا ہے جس کے بعد ایران سے تیل خریدنے والے ممالک کو بھی اقتصادی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
امریکی پابندیوں کے باوجود ایران سے تیل خریدنے والے ممالک میں جاپان، جنوبی کوریا، ترکی، چین اور بھارت شامل ہیں، وائٹ ہاؤس نے ان ممالک کو کہا ہے کہ یا تو ایران سے تیل کی خریداری ختم کردیں یا امریکی اقتصادی پابندیوں کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوجائیں۔
ان ممالک کو اقتصادی پابندیوں پر دی گئی چھوٹ کی مدت 2 مئی کو ختم ہو رہی ہے اور حالیہ فیصلے کے بعد اس تاریخ میں توسیع کے امکانات ختم ہوگئے ہیں تاہم یہ واضح نہیں کہ پہلے سے طے تجارتی معاہدوں کو منسوخ کردیا جائے گا یا ایسے معاہدوں کو آخری معاہدے قرار دے دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس امریکا نے عالمی جوہری معاہدے سے دستبردار ہو کر ایران پر سخت اقتصادی پابندیاں عائد کردی تھیں تاہم ایران سے تیل برآمد کرنے والے ممالک کو ان پابندیوں سے 2 مئی 2019 تک استثنیٰ دے دیا تھی۔