وزیراعظم ہاؤس میں اسلام آباد نیشنل یونیورسٹی کا منصوبہ ختم
اسلام آباد: وزیراعظم ہاؤس میں اسلام آباد نیشنل یونیورسٹی کے قیام کے منصوبے کو ختم کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں اسلام آباد نیشنل یونیورسٹی کے منصوبے کو ختم کردیا گیا جب کہ جنوری میں یونیورسٹی کے افتتاح پر تقریباً تین کروڑ روپے کا خرچ آیا تھا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں یونیورسٹی کے قیام کیلئے ایچ ای سی نے فزیبلٹی رپورٹ، آرڈیننس اورپی سی ون تیارکیا تھا لیکن نئے مالی سال کیلئے حکومت نے اس منصوبے کے لیے کوئی رقم مختص نہیں کی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم ہاؤس کو یونیورسٹی اور گورنر ہاؤسز کو میوزیم بنانے کا اعلان
ذرائع کے مطابق اب وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی وزیراعظم ہاؤس میں انجینئرنگ یونیورسٹی قائم کرے گی جس کی نگرانی ڈاکٹرعطاء الرحمن کریں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نے کہا تھا کہ ہاؤس کا انٹرنیشنل اسلام آباد یونیورسٹی یا اس سے ملتا جلتا نام رکھا جائے گا اور اپنی نوعیت کی اس منفرد یونیورسٹی کی تمام تر ذمہ داری چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن کو دی جائے گی۔