وزیراعظم عمران خان روسی صدر ویلادی میر پیوٹن کی دعوت پر ستمبر میں روس کا دورہ کریں گے
اسلام آباد: پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے روسی صدر ویلادی میر پیوٹن کی دورہ روس کی دعوت قبول کرلی جس کے بعد اب وہ ستمبر میں روس کا دورہ کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان دورہ امریکا کے بعد روس کا بھی دورہ کریں گے
وزیراعظم کے دورہ روس کی تصدیق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کے دوران کی۔ انہوں نے بتایا تھا کہ وزیراعظم عمران خان دورہ امریکا کے بعد روس کا بھی دورہ کریں گے۔
ادھر ذرائع کے مطابق روس کے شہر ولادی ووستوک میں ایسٹرن اکنامک فورم 4 سے 6 ستمبر تک منعقد ہوگا جس میں شرکت کے لیے وزیراعظم پاکستان وہاں جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات طے پا گئی
اس کے علاوہ بھارتی وزیراعظم بھی کانفرنس میں شرکت کے لیے روس جائیں گے اور ایک مرتبہ پھر پاک بھارت وزرائے اعظم ایک چھت کے نیجے ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق روسی صدر نے وزیراعظم پاکستان کو پیغام دیا کہ انہیں کثیر الملکی کانفرنس میں عمران خان کی شرکت سے خوشی ہوگی۔
وزیراعظم عمران خان نے دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ کانفرنس میں شرکت کے لیے ضرور جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ روسی صدر نے یہ دعوت کرغیزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے دوران دی تھی۔