Featuredاسلام آباد

بھارت پلوامہ واقعہ جیسا بہانہ بناکر پاکستان پر حملہ کرسکتا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر آصف غفور

اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ کرفیو ہٹتے ہی مقبوضہ کشمیر میں تشدد بڑھنے کا امکان ہے جبکہ بھارت پلوامہ واقعے جیسا بہانہ بناکر پاکستان پر حملہ کرسکتا ہے۔

دفتر خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت وزیراعظم کی خصوصی کمیٹی برائے کشمیر کا اجلاس ہوا۔  اٹارنی جنرل، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ملٹری آپریشنز، ڈی جی آئی ایس پی آر، صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان، وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم، معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان، چیرمین قائمہ کمیٹی قومی اسمبلی برائے امور خارجہ مشاہد حسین، چیئرمین سینیٹ کمیٹی برائے امور خارجہ سید فخر امام ، گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین، سید نوید قمر نے اجلاس میں شرکت کی۔

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا تعلق ہماری سکیورٹی کیساتھ بھی ہے

اجلاس کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، ڈی جی آئی ایس پی آر آصف غفور اور فردوس عاشق اعوان نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا تعلق ہماری سکیورٹی کیساتھ بھی ہے، وادی میں ہر گھر کے باہر بھارتی فوجی ہے،  توقع ہے کرفیو ہٹتے ہی مقبوضہ کشمیر میں تشدد بڑھے گا، مسلح افواج ہر خطرے کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں اور سرحد پر کچھ ہوا تو پاک فوج بھرپور جواب دے گی،  ایل او سی سے دراندازی کے پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہیں،  مقبوضہ کشمیر میں دراندازی ہوتی ہے تو یہ بھارتی فوج کی ناکامی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت پلوامہ واقعے جیسا بہانہ بناکر ایل او سی کے باہر پاکستان پر کوئی ایکشن کرسکتا ہے، کشمیر نیوکلیئر فلیش پوائنٹ ہے،  دنیا کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ بھارت کس طرف جارہا ہے اور کشمیر میں مداخلت کرنے کی ضرورت ہے،  پاکستان آرمی مشرقی بارڈر پر ہر خطرہ کے لیے تیار ہے۔

بعدازاں میجر جنرل آصف غفور نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوم فکر نہ کرے ہماری تیاریاں مکمل ہیں،  کشمیر کے لیے آخری فوجی آور آخری گولی تک لڑینگے، وزیر اعظم اور آرمی چیف کا آخری حد تک جانے کا بیان فوج کا بیانیہ ہے، بھارت آزاد کشمیر کو بھول جائے اب پرانا قبضہ چھوڑنے کی بات کرے.

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close