زلزلے کے باعث آزاد کشمیر میں شدید تباہی سڑکوں پر گہرے شگاف
ملک کے مختلف علاقوں میں 5.8 شدت کے زلزلے سے شدید تباہی پھیل گئی، میرپور جاتلاں میں نہر اپر جہلم کے قریب سڑکوں میں گہرے شگاف پڑ گئے جس کے باعث کئی گاڑیاں الٹ گئیں۔
میر پور آزاد کشمیر میں زلزلے نے تباہی مچا دی ہے، سڑکیں ٹوٹ کر دھنس گئیں، بڑی تعداد میں لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، ڈپٹی کمشنر میرپور کا کہنا ہے کہ زلزلے کے باعث ایک عمارت بھی مہندم ہو گئی ہے جس سے متعدد افراد زخمی ہوئے، جنھیں اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
میرپور آزاد کشمیر، جاتلاں اور گرد و نواح میں مواصلاتی نظام منقطع ہو چکا ہے، اب تک 2 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے، جب کہ 100 زخمی ہوئے، زلزلے کے باعث ایک نجی اسپتال کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر نے زلزلے کی اطلاع ملتے ہی دورہ لاہور مختصر کر دیا اور ہنگامی دورے پر لاہور سے میر پور روانہ ہو گئے، جہاں وزیر اعظم آزاد کشمیر امدادی کاموں کی نگرانی خود کریں گے۔