کراچی: مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 200 روپے کمی جب کہ انٹربینک میں ڈالر کی قدر 13 پیسے گرگئی۔
کاروباری ہفتے کے تیسرے روز انٹربینک میں اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر گرگئی، بدھ کے روز انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 13 پیسے کم ہوئی اور ڈالر 156 روپے 45 پیسے سے کم ہوکر 156 روپے 32 پیسے پر بند ہوا، جب کہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 10 پیسے گری اور ڈالر 156 روپے 60 پیسے سے گر کر 156 روپے 50 پیسے پر بند ہوا۔
عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 3 ڈالر کی کمی ہوئی اور عالمی مارکیٹ میں سونا 1502 ڈالر فی اونس کی سطح پر پہنچ گیا، جب کہ مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمت میں بالترتیب 200 روپے اور 171 روپے کی کمی واقع ہوئی۔