غیر ملکی سفراء ، ہائی کمشنرز کا ایل او سی کا دورہ
اسلام آباد: پاکستان نے حقائق سے آگہی کیلئے غیر ملکی سفراء ، ہائی کمشنرز کو ایل او سی کا دورہ کرایا
بھارتی آرمی چیف کا جھوٹ ثابت ہو گیا۔ پاکستان میں متعین بھارتی ناظم الامور گورو اہلووالیا ایل او سی کے دورے پر نہیں گئے۔
وزارت خارجہ کے ڈی جی جنوبی ایشیاء و سارک ڈاکٹر محمد فیصل بھی غیر ملکی سفراء کے ہمراہ تھے ۔ ڈاکٹر فیصل نے کہاکہ بھارتی آرمی چیف کا دعوی، دعوی ہی رہ گیا، بھارت کا کوئی سفارتکار ایل او سی کے دورے پرہمارے ساتھ نہیں۔
انہوں نے کہاکہ بھارت نے دعوی ٰکردہ لانچنگ پیڈز کے کوآرڈینیٹس بھی فراہم نہیں کیے۔بعد ازاں غیر ملکی سفراء ہائی کمشنرز کو ایل او سی کے نوسہری، شاہ کوٹ اور جوڑا سیکٹرز لے جایا گیا ،غیر ملکی سفراء بھارتی اشتعال انگیزی سے تباہ حال نوسدہ گاؤں بھی گئے ۔
دورے کے دوران سفرا و ہائی کمشنرز کو بریفنگ دی گئی اور ان علاقوں کا دورہ کروایا گیا جنہیں بھارتی اشتعال انگیزی کی صورت میں نقصان پہنچا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارتی ناظم الامور گوروو اہلووالیا کو بھی ایل او سی کے دورے کی خصوصی دعوت دے دی گئی تھی،بھارتی حکومت یا ہائی کمیشن نے دعوت پر کوئی جواب نہیں دیا، خاموشی اختیار کر لی۔
یاد رہے کہ بھارتی فورسز نے 19 اور 20 اکتوبر کو ایل او سی پر شہری آبادی کو بھاری توپخانہ سے نشانہ بنایا تھا،بھارتی فورسز کی اشتعال انگیزی میں ایک فوجی جوان سمیت 6 شہری شہید ہوئے ،بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت نے مبینہ طور پر 3 دہشتگرد کیمپس تباہ کرنے کا جھوٹا دعویٰ کیا تھاپاکستان نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کو مسترد، بھارت کو دعوی سچ ثابت کرنے کا کھلا چیلنج دیا تھا۔