برسبین ٹیسٹ: پاکستان کی پوری ٹیم 240 رنز پر آؤٹ
برسبین: پاکستان پہلی اننگز میں پاکستان کی ٹیم 240 رنز پر آل آؤٹ
آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں اسد شفیق کے علاوہ دیگر پاکستانی بلے باز متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے
پاکستانی بیٹنگ لائن میں اسد شفیق نے سب سے بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے 76 رنز بنائے لیکن وہ پیٹ کمنز کا شکار ہوئے۔ آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل سٹارک نے چار پاکستانی بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔
پہلے دن کے کھیل کی اہم بات پاکستانی بلے باز محمد رضوان کی متنازع وکٹ تھی۔ انھیں پیٹ کمنز کی گیند پر وکٹ کیپر نے کیچ کیا لیکن ایکشن ری پلے میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا تھا کہ کمنز کا پیر گیند کرواتے ہوئے کریز سے باہر تھا۔
یہ معاملہ تھرڈ امپائر کے پاس بھی گیا اور متعدد بار ایکشن ری پلے دینے کے بعد بھی ان کا فیصلہ آسٹریلیا کے حق میں ہی رہا۔
رضوان جب آؤٹ ہوئے تو وہ اسد شفیق کے ساتھ مل کر 49 رنز کی شراکت قائم کر چکے تھے اور ان کا انفرادی اسکور 37 تھا جس میں انھوں نے سات چوکے مارے تھے۔
سوشل میڈیا پر پاکستانی شائقین رضوان کی وکٹ پر کافی مایوس نظر آرہے ہیں۔