کینگروز نے پہلی اننگز 589 رنز پر ڈکلیر کردی
ایڈیلیڈ: میچ کے دوسرے دن آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف اپنی پہلی نامکمل اننگز 589 رنز پر ڈکلیر کردی ہے جب کہ پاکستان کی جانب سے بیٹنگ جاری ہے۔
دوسرے دن آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو کینگروز کا مجموعی اسکور ایک وکٹ کے نقصان پر 302 رنز تھا، ڈیوڈ وارنر 166 جب کہ مارنس لبوشین 126 رنز پر کریز پر موجود تھے۔ مارنس لبوشین انفرادی اسکور میں صرف 2 رنز کے اضافے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
ڈیوڈ وارنر نے اسٹیون اسمتھ کے ہمراہ اسکور کو آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ تیسری وکٹ کی شراکت کے دوران ہی وارنر نے اپنی ڈبل سنچری مکمل کی۔ 490 رنز کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو تیسری وکٹ ملی، شاہین کا تیسرا شکار اسٹیون اسمتھ بنے جنھوں نے 36 رنز بنائے۔
میتھیو ویڈ کے ہمراہ آسٹریلوی اننگز کو آگے بڑھاتے ہوئے ڈیوڈ وارنر نے ٹرپل سنچری مکمل کی۔ آسٹریلیا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 589 بناے کے بعد اننگز ڈکلیئر کردی۔ ڈویڈ وارنر 335 جب کہ میتھیو ویڈ 36 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بولر شاہین شاہ آفریدی رہے جنہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔