اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ معاشی ترقی کے لیے ایک قابل بیوروکریسی کا بہت اہم کردار ہے
پنجاب میں امن اورگورننس کے نظام میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ نئے پاکستان میں پرانے مائنڈ سیٹ کو تبدیل کرنا ہے، پرانا نظام اب نہیں چل سکتا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت صوبائی بیوروکریسی، سینئر پولیس افسران کا اجلاس ہوا
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 60 کی دہائی میں گورننس، بیوروکریسی، پالیسیزکی مثالیں دی جاتی تھیں، اس وقت پاکستان ایک نازک دور سے گزر رہا ہے، ملک میں معاشی استحکام ضروری ہے۔
عمران خان نے کہا کہ معیشت مستحکم ہو رہی ہے، اپنی معاشی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں، بیوروکریسی اور دیگر عہدوں پر تعیناتیاں میرٹ پر کی گئی ہیں، اپنے دور حکومت میں افسران کو ہر قسم کے سیاسی دباؤ سے آزاد کیا۔
وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ آپ نے سب کام میرٹ پرکرنے ہیں، کسی سیاسی شخصیت کا کوئی بھی ناجائز کام ہرگز نہیں کرنا، معاشی ترقی کے لیے ایک قابل بیوروکریسی کا بہت اہم کردار ہے، پنجاب میں امن اورگورننس کے نظام میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نئے پاکستان میں پرانے مائنڈ سیٹ کو تبدیل کرنا ہے، پرانا نظام اب نہیں چل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کرنا آپ کا اولین فرض ہے، افسران کی مدت ملازمت کو تحفظ فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ غریب آدمی کی زندگی میں بہتری لانے کے لیے کوشش کریں، بچوں کے خلاف جرائم کی روک تھام پر خصوص توجہ دیں، آپ کا کام کمزور کو طاقتور کے خلاف تحفظ فراہم کرنا ہے، آپ کے پاس قانونی اتھارٹی ہے۔