Featuredکھیل و ثقافت

میسی نے چھٹی مرتبہ بہترین فٹبالر کاایوارڈ اپنے نام کرلیا

ارجنٹینا اور بارسلونا کے عالمی شہرت یافتہ سپراسٹارمیسی ریکارڈ چھٹی مرتبہ ‘بیلن ڈی اور’ جیتنے میں کامیاب

سپراسٹار32سالہ فٹبالر کو فرانس کے دارالحکومت پیرس کے چیٹیلیٹ تھیٹر میں منعقدہ تقریب میں ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ امریکا کی ورلڈ کپ سپر اسٹار میگن ریپی نو نے ویمن فٹبال کا بیلن ڈی اور جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

میسی نے 2015 کے بعد پہلی مرتبہ بیلن ڈی اور جیتا ہے اور اپنے روایتی حریف کرسٹیانو رونالڈو پر برتری حاصل کر لی ہے جو اب تک پانچ بیلن ڈی اور جیت چکے ہیں۔

فٹبال کے سب سے بڑے ایوارڈ تصور کیے جانے والے بیلن ڈی اور کا انعقاد ایک فرانسیسی میگزین کرتا ہے جس میں دنیا بھر کے صحافی بہترین فٹبالر کے ایوارڈ کے لیے ووٹ کرتے ہیں۔

اس ایوارڈ کے لیے میسی کا مقابلہ لیورپول کے کپتان وین دجک اور کرسٹیانو رونالڈو سے تھا جس میں میسی ایوارڈ جیتنے میں کامیابی رہے جبکہ پورے سیزن میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے لیورپول اسٹار دوسرے اور رونالڈو تیسرے نمبر پر رہے۔

لیونل میسی گزشتہ ایک سال سے مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں جہاں اب تک سال 2019 میں کھیلے گئے 54میچوں میں 46گول اسکور کر چکے ہیں جبکہ لا لیگا کے 34 میچوں میں 36گول اسکور کرکے انہوں نے گزشتہ سیزن میں بارسلونا کو چیمپیئن بنوانے میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

ایوارڈ جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے میسی نے کہا کہ میں نے آج سے 10سال قبل پیرس میں ہی اپنا پہلا بیلن ڈی اور جیتا تھا اور مجھے آج بھی یاد ہے کہ میں 22سال کی عمر میں اپنے تین بھائیوں کے ہمراہ یہاں آیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں ابھی چند سال مزید فٹبال کھیل سکتا ہوں ، میں جانتا ہوں کہ میری عمر بڑھ رہی ہے اور میں ان لمحوں سے زیادہ سے زیادہ لطف اندوز ہونا چاہتا ہوں کیونکہ میری ریٹائرمنٹ کے دن قریب آتے جا رہے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close