پرویز مشرف کی سزائے موت پر افواج پاکستان کا ردعمل
راولپنڈی: پرویز مشرف کسی صورت غدار نہیں ہوسکتے، ڈی جی آئی ایس پی آر
سابق صدر پرویز مشرف کی سزائے موت پر افواج پاکستان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فیصلے پر افواج پاکستان میں غم و غصہ اور اضطراب ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ جنرل (ر) پرویز مشرف آرمی چیف رہ چکے ہیں، مشرف چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف رہ چکے ہیں، انہوں نے 40 سال سے زائد پاکستان کی خدمت کی۔
میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پرویز مشرف نے ملکی دفاع کے لیے جنگیں لڑی ہیں، پرویز مشرف کسی صورت غدار نہیں ہوسکتے، کیس میں آئینی و قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔
Statement on decision by Special court about General Pervez Musharraf, Retired. pic.twitter.com/C9UAMT1E4W
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) December 17, 2019
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پرویز مشرف کو اپنے دفاع کا بنیادی حق نہیں دیا گیا، عدالتی کارروائی شخصی بنیاد پر کی گئی۔
میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پرویز مشرف کیس کو عجلت میں نمٹایا گیا ہے، افواج پاکستان کو توقع ہے آئین کے تحت انصاف دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ خصوصی عدالت نے سابق صدر اور جنرل (ر) پرویز مشرف کو آئین شکنی کیس میں سزائے موت کا حکم سنایا تھا۔
خصوصی عدالت کے 3 رکنی بینچ میں شامل ایک جج نے سزائے موت سے اختلاف کیا تھا، تاہم خصوصی عدالت کے بینچ نے اکثریت کی بنیاد پر فیصلہ سنایا تھا۔