کراچی: شہری لکڑیوں پر کھانا پکانے پر مجبور، سندھ میں گیس بحران شدید تر ہوگیا
ملک کے سب سے بڑے شہرکراچی میں گیس بحران سر اٹھانے لگا شہری لکڑیوں پر کھانا پکانے پر مجبور ہوگئے۔
سندھ میں گیس بحران شدت اختیار کر گیا، سوئی سدرن گیس کمپنی کی نااہلی کی وجہ گھریلو، صنعتی اور سی این جی صارفین رل گئے۔
ادارے کے سینئر جی ایم ڈسٹری بیوشن کا کہنا ہے کہ 70 سے 75 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کا شارٹ فال ہے۔
ذرائع کے مطابق ایس ایس جی سی کو 15 سو ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فیٹ پر ڈے (ایم ایم سی ایف ڈی) گیس کی ضرورت ہے، ایس ایس جی سی کو 11 سو 50 ایم ایم سی ایف ڈی گیس سپلائی ہو رہی ہے اور ادارے کو 450 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی کمی کا سامنا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سردیوں میں گیس کی ڈیمانڈ بہت زیادہ ہوتی ہے۔ کوشش ہے جنوری تک گیس کی سپلائی بہتر ہوجائے۔
گیس کی قلت کی وجہ سے سی این جی اسٹیشنز بھی آج صبح 8 بجے کے بجائے رات 8 بجے کھلیں گے، مسلسل چوتھے دن ایندھن کی قلت کی وجہ سے شہری سخت اذیت سے دو چار ہیں۔