ٹورنٹو : کینیڈین وزیراعظم نے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ یوکرائنی طیارے کا بلیک باکس فرانس بھیجا جائے
کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ایرانی میزائل سے تباہ ہونے والے یوکرائنی طیارے کا بلیک باکس فرانس بھیجا جائے اور مرنے والوں کی باقیات بھی جلد کینیڈا پہنچنی چاہیے۔
ایران کے پاس بلیک باکس کا جلد تجزیہ کرنے کیلئے تکنیکی مہارت اور ضروری سامان موجود نہیں، درست معلومات کے جلد حصول کیلئے ایران کو بلیک باکس فرانس بھیجنا چاہیئے۔
ٹروڈو کا کہنا تھا کہ فرانس کا شمار ان چند ممالک میں ہوتا ہے ، جو طیارے کا ڈیٹا اور کاک پٹ کا ریکارڈ پڑھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ، بلیک باکس کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ بری طرح تباہ شدہ ہے۔
کینیڈین وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایرانی حکام کو بلیک باکس کو فرانس بھیجنے کیلئے قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ اس ضمن میں فرانس نے اپنی خدمات پیش کرنے کا وعدہ کر رکھا ہے۔
یاد رہے کینیڈین وزیراعظم نے امریکا کو یوکرائنی مسافر طیارے کی تباہی ذمہ دار قرار دیا
کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے الزام عائد کیا تھا کہ اگر امریکا خطے میں تناؤ پیدا نہ کرتا تو آج طیارے حادثے میں مرنے والے زندہ ہوتے، امریکا نے عراق میں جنرل قاسم سلیمانی کو قتل کرنے کے حوالے سے ہمیں اعتماد میں نہیں لیا تھا اور نہ ہی کارروائی کی پیشگی اطلاع دی۔
امریکی کارروائی کے بعد خطے میں کشیدگی بڑھی جس کے جواب میں ایران نے میزائل فائر کیے جس کا نشانہ مسافر طیارہ بن گیا، جب تنازعات بڑھتے ہیں اور جنگ ہوتی ہے تو خمیازہ معصوم عوام کو بھگتنا پڑتا ہے۔