ہمارے قانون اور دین میں قتل کی سزا موت ہے
اسلام آباد : وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ زینب بل سینیٹ سے بھی جلد از جلد پاس کرایا جائے گا
وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے بعد زینب بل جلد از جلد سینیٹ سے بھی پاس کرائیں گے، ایسے واقعات سے نمٹنے کیلئے ہیلپ لائن سسٹم بنایا جارہاہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ قومی اسمبلی میں جب بل پیش ہوا تو تمام سیاسی جماعتوں نے ووٹ دیا۔ سانحہ قصور جیسا واقعہ کسی بھی والدین کیلئے اس سے زیادہ تکلیف دہ بات کوئی نہیں ہو سکتی، زینب کا نام تو اب قانون کاحصہ بن گیا ہے، آئندہ زینب بل کے ذریعے باقی بلز کی منظوری میں معاونت ہوگی۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ ہمارے قانون اور دین کے مطابق قتل کی سزا موت ہے، امریکا میں بھی زیادتی قتل کیس کی سزا موت ہے، سیاسی جماعتوں نے اس کی مخالفت کی کہ سزائے موت نہیں ہونی چاہئے۔
اس قسم کے واقعات سے نمٹنے کیلئے ہیلپ لائن سسٹم بنایا جارہاہے، اس سسٹم کا مقصد ہے کہ آئندہ ایسا کوئی واقعہ ہو تو فوری کارروائی ہوسکے۔
سندھ سمیت تمام اسمبلیوں میں بھی ایسے بل پاس ہونے چاہئیں، ہم چاہتے ہیں کہ بچے جو اپنی حفاظت نہیں کرسکتے ان کی حفاظت کی جائے۔
انہوں نے بتایا کہ قانون ٹھیک ہوناچاہئے اس کے بعد ڈھانچے کو بھی تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔