بچوں سے زیادتی کے مرتکب کو چوک پر لٹکا نے کی قرارداد منظور
اسلام آباد : معصوم بچوں سے زیادتی کے مرتکب مجرم کو چوک پر لٹکا نے کی قرارداد منظور
قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاﺅس میں منعقد ہوا۔
قومی اسمبلی میں معصوم بچوں سے زیادتی اور قتل کے مرتکب مجرم کو سزائے موت کے بعد چوک میں لٹکانے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی۔
رکن اسمبلی علی محمد خان نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں بچوں سے زیادتیوں کے حوالے سے اقدامات کئے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زینب الرٹ بل میں بچوں سے زیادتی کے ملزم کیلئے سزائے موت کی تجویز کی تھی، مگر پیپلز پارٹی کے ممبران نے اس کی مخالفت کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ بچوں سے زیادتی کے معاملے پر سیاست نہیں کرنی چاہیے، مجرم کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے نہیں ہوتا۔
اجلاس کے دوران وزیر مملکت علی محمد خان نے بچوں سے زیادتی میں ملوث ملزمان کو سرعام پھانسی دیکر ان کی لاش کو لٹکانے کے حوالے سے قرارداد پیش کی۔
جس پر رکن اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ محض سزائے بڑھانے سے جرائم کم نہیں ہوتے۔ لاش کو سرعام لٹکانے پر پوری دنیا سے مخالفت سامنے آسکتی ہے۔ حکومت ایسے اقدامات سے گریز کرے۔
ایوان نے زیادتی کے مجرم کو چوک میں سرعام لٹکانے کی قرار داد کثرت رائے سے منظور کرلی۔ تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن)، جے یو آئی (ف) اور ایم کیو ایم سمیت حکومتی حلیف اور اپوزیشن جماعتوں نے قرارداد کی حمایت کی جبکہ پیپلز پارٹی نے اس کی مخالفت کی۔