شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی شاہی حیثیت سے باضابطہ علیحدگی ہوگی
برطانوی شاہی جوڑا اب شاہی اعزازات کو اپنے نام کے ساتھ استعمال نہیں کر سکیں گے۔
شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل باضابطہ طور پر ’شاہی حیثیت‘ سے دستبردار ہوگئے
شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ سابق امریکی اداکارہ میگھن مارکل نے رواں برس کے آغاز میں ہی 9 جنوری کو اچانک شاہی ذمہ داریوں سے دستبرداری کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا تھا
بعد ازاں ملکہ برطانیہ نے دونوں کے فیصلے کی حمایت کی تھی اور 19 جنوری کو شاہی محل نے شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی شاہی حیثیت کے خاتمے کا اعلان کرکے دنیا کو حیران کردیا تھا۔
شاہی محل کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد شہزادہ ہیری اہلیہ اور بیٹے سمیت کینیڈا مقیم ہوگئے تھے جہاں وہ گزشتہ برس دسمبر میں ہی منتقل ہوئے تھے مگر وہ اس دوران بھی برطانیہ آتے جاتے رہے۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نے بطور شاہی خاندان کے فرد، 9 مارچ کو شاہی محل میں ہونے والی تقریبات میں شرکت کی اور شاہی حیثیت کے ساتھ ان کی یہ آخری تقریب میں شرکت تھی، اب وہ کبھی بھی شاہی اعزاز اور حیثیت کو استعمال نہیں کر سکیں گے۔
شاہی خاندان میں پیدا ہونے کے باعث ہیری کو شہزادہ ہی کہا جائے گا مگر ان کی کوئی شاہی حیثیت نہیں ہوگی یعنی اب وہ کسی بھی ملک میں شاہی خاندان کے آفیشل فرد کے طور پر نہیں پہچانے جائیں گے اور اسی طرح وہ اپنی سماجی و کاروباری مصروفیات کے دوران شاہی اعزازات کو بھی استعمال نہیں کر سکیں گے۔
اب شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل ’ڈیوک اور سسیکس اور ڈچز آف سسیکس‘ کا شاہی نام بھی استعمال نہیں کر سکیں گے۔
شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل شاہی محل میں ہونے والی کامن ویلتھ کانفرنس میں شریک ہوئے اور مذکورہ کانفرنس میں شرکت ہی جوڑے کی بطور شاہی فرد آخری شرکت تھی۔
سوانح عمری لکھنے والے لکھاری پینی جونر نے بتایا کہ تقریب کے دوران شاہی خاندان کے تمام افراد ایک دوسرے سے انتہائی جذبے اور جوش سے ملے۔
تقریب میں شہزادہ ہیری اپنے بڑے بھائی شہزادہ ولیم اور والد شہزادہ چارلس سے بھی گرم جوشی سے ملے جب کہ میگھن مارکل بھی کیٹ مڈلٹن سے محبت سے ملیں۔
میگھن مارکل اور شہزادہ ہیری کی جانب سے شاہی حیثیت سے دستبرداری کے اعلان کے بعد یہ پہلا موقع تھا کہ شاہی جوڑے نے شاہی خاندان کے تمام افراد کو ایک ساتھ دیکھا اور ان سے ملاقات کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق باضابطہ طور پر شاہی حیثیت سے دستبرداری کے بعد اب شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل ایک بار پھر کینیڈا منتقل ہوجائیں گے اور ممکنہ طور پر آنے والے وقت میں وہ وہاں کی مستقل شہریت لیں گے، تاہم تاحال وہ وہاں پر عارضی بنیادوں پر رہ رہے ہیں۔
شہزادہ ہیری کی کینیڈا میں مستقل شہریت کے حوالے سے کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو بھی کہہ چکے ہیں کہ ابھی شہزادے کے مستقل طور پر کینیڈا میں رہنے سے متعلق معاملات طے ہونا باقی ہیں۔