کراچی: سندھ بھر میں کرونا کے 333 کیسز رپورٹ ہوئے ، مرنے والوں کی تعداد پانچ تک پہنچ گئی۔
رات 12 بجتے ہی کراچی سمیت سندھ بھر میں لاک ڈاؤن کا آغاز ہوگیا جو 15 روز تک جاری رہے گا، اس دوران شہریوں کا بلا ضرورت گھروں سے نکلنا ممنوع اور گاڑیاں سڑکوں پر لانے کی پابندی ہوگی جبکہ مساجد اور عبادت گاہوں پر بھی لاک ڈاؤن کااطلاق ہوگا۔
لاک ڈاؤن کے دوران بیمارکواسپتال لےجانےکی اجازت ہوگی، گھروں سے باہر جانے والے شہری اپنے ہمراہ اصل شناختی کارڈ ضرور رکھنا ہوگا۔ ایک گاڑی میں ڈرائیور کے ساتھ صرف ایک شخص ہی سفر کرسکےگا جبکہ میڈیکل اسٹورز، کریانہ، دودھ اورسبزی کی دکانیں لاک ڈاؤن کے دوران کھلی رہیں گی
ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا کے 147 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 776 تک پہنچ گئی، 24گھنٹےمیں کوروناوائرس کےمزید147کیسز رپورٹ ہوئے۔
سندھ میں کرونا کے 333، پنجاب 225، بلوچستان 104، گلگلت بلتستان 71، خیبرپختونخواہ 31، اسلام آباد 11 اور آزاد کشمیر میں ایک کیس رپورٹ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 14 ہزار 439 افراد کی ملک کے داخلی راستوں پر اسکریننگ کی گئی جس کے دوران کرونا وائرس کے 202 مشتبہ مریض رپورٹ ہوئے۔