ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ ایرانی عوام میں کورونا سمیت ہر طرح کے چیلنج سے نمٹنے کی صلاحیت موجود ہے
سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے امریکی رہنماؤں کو بہروپیا اور جھوٹا قرار دیتے ہوئے امریکا کی جانب سے ایران کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے امداد کی پیشکش مسترد کردی۔
ایران مشرق وسطیٰ میں وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں اب تک وائرس سے ایک ہزار 685افراد ہلاک اور 21ہزار سے زائد متاثر ہو چکے ہیں۔
اتوار کو ٹی وی پر خطاب کرتے ہوئے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے امریکا کی جانب سے ہمیں متعدد بار مدد کی پیشکش کی گئی، یہ عجیب بات ہے کیونکہ آپ کو خود امریکا میں قلت کا سامنا ہے جبکہ آپ پر اس وائرس کو پھیلانے کا بھی الزام ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم یہ درست ہے یا نہیں لیکن جب بھی اس طرح کے الزامات عائد کیے جاتے ہیں تو کوئی عقلمند انسان آپ پر بھروسہ کرتے ہوئے کس طرح مدد کی پیشکش قبول کر سکتا ہے؟ ہو سکتا ہے کہ آپ ایران کو ایسی ادویہ دیں جس سے وائرس مزید پھیل جائے یا یہ مستقل بنیادوں پر ایران کے عوام کو متاثر کرے۔
ایران کے سپریم لیڈر نے کہا کہ امریکا ہمارا سب سے بڑا دشمن ہے، یہ امریکا سب کا بُرا گنہگار ہے، اس کے رہنما دہشت گرد، جھوٹے اور بہروپیے ہیں۔
سپریم لیڈرآیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام میں کورونا وائرس سمیت ہر طرح کے چیلنج اور بحران سے نمٹنے کی صلاحیت موجود ہے۔
ایران میں وائرس سے اب تک ایک ہزار 685افراد ہلاک اور 21ہزار سے زائد متاثر ہو چکے ہیں۔
ایران کے محکمہ صحت کے حکام کی جانب سے انتباہ جاری کیا گیا ہے کہ اگر ایران کے عوام نے سماجی دوری اور احتیاط اختیار نہ کی تو کورونا وائرس سے 35لاکھ افراد ہلاک ہونے کا خطرہ ہے۔