اسلام آباد: وزیراعظم نے ریلیف پیکج کا اعلان کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 روپے فی لیٹر کمی کرنے کا اعلان کیا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ پٹرول ڈیزل 15 روپے سستا، شرح سود 1.5 فیصد کم، 1200 ارب کا ریلیف پیکیج، بجلی گیس بلوں کی قسطیں ہوں گی۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں 15 روپے کی فوری کمی کی گئی ہے، بجلی اور گیس کے بل قسطوں میں ادا کیے جاسکتے ہیں، طبی سامان کے لیے 50 ارب روپے وقف کیا گیا ہے جبکہ کھانے پینے کی اشیا پر بھی ٹیکس کم کر دیے گئے ہیں۔
اسٹیٹ بینک شرح سود میں ڈیڑھ فیصد کمی کا اعلان کردیا ہے جس کے بعد پالیسی ریٹ 11 فیصد ہوگیا جبکہ وزیراعظم عمران خان نے کرونا وائرس کے اثرات سے نمٹنے کیلئے معیشت کے مختلف شعبہ جات کے لئے تقریباً 1200 ارب روپے کے ریلیف پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پٹرول ،ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں 15 روپے کمی کا فیصلہ کیا گیاہے۔
اس کیلئے 75 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے اس پیکیج کا اعلان سینئر صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ خطرہ کرونا سے خوف میں آکر فیصلہ کرنے کا ہے، لاک ڈاؤں کا آخری اسٹیج کرفیو ہے،مکمل لاک ڈاؤن کرنے سے غریبوں کو کھانا کون فراہم کرے گا، میں اور میری ٹیم حالات کا جائزہ لے رہی ہے۔
انہوں نے کہا مکمل کرفیو لگانے سے نقصان امیر کو نہیں بلکہ کچی بستیوں میں رہنے والے غریبوں کو ہوگا اس لیے کرفیو لاک ڈاؤن کی آخری اسٹیج ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں مل کر کرونا وائرس کا مقابلہ کرنا ہے، زلزلے اور سیلاب کے دوران قوم کو دیکھا ہے کس طرح مدد کی ہے، کرونا وائر س کا مقابلہ بھی ہم ایک قوم کی طرح مل کر کریں گے۔