خواجہ آصف معافی مانگیں یا عدالتی کارروائی کے لیے تیار رہیں
اسلام آباد: زلفی بخاری کا خواجہ آصف کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان
وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے خواجہ آصف کو قانونی نوٹس کا جواب نہ دینے پر کارروائی کا عندیہ دیا
زلفی بخاری نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کو ایک ارب ہرجانے کا نوٹس بھجواتے ہوئے جھوٹے اور من گھڑت الزامات فوری واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔
خواجہ آصف نے الزام عائد کیا تھا کہ زلفی بخاری نے زائرین کو تفتان سے پاکستان کے مختلف حصوں میں آنے کی اجازت دی اور بغیر ٹیسٹ کیے ملک کے مختلف حصوں میں جانے دیا جس سے ملک میں کورونا وائرس پھیلا۔
زلفی بخاری نے خواجہ آصف کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے تفتان بارڈر کے ذریعے کسی کو پاکستان آنے کی اجازت دینے کے عمل میں اپنا اثر و رسوخ استعمال نہیں کیا تھا۔
آج زلفی بخاری نے خواجہ آصف کو ایک ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھیجتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما سے من گھڑت اور جھوٹے الزامات فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ من گھڑت الزامات کے ذریعے خواجہ آصف نے میری ساکھ اور قومی مفادات پر کاری ضرب لگانے کی کوشش کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں خواجہ آصف کو بھاگنے نہیں دوں گا، وہ معافی مانگیں یا عدالتی کارروائی کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہیں۔
قانونی نوٹس کے ذریعے زلفی بخاری نے خواجہ آصف سے جھوٹے اور من گھڑت الزامات فوری واپس لینے اور اعلانیہ معافی مانگنے کا بھی مطالبہ کیا اور خواجہ آصف کو الزامات کی واپسی اور معافی کے لیے 14 روز کی مہلت دی گئی ہے۔