سابق کپتان ثنا میر نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا
اسلام آباد: متعدد ریکارڈز کی حامل سابق کپتان ثنا میر نے 15 سال خواتین کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا،ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ 15 سال سے آپ سب کی محبت اور حوصلہ افزائی کا شکریہ۔
Words fall short when I want to thank you all for the love,support & encouragement in the past 15 yrs. It has been an honor to serve Pak & don the green Jersey with absolute pride. It is time for me to move on. IA the service will continue in a different form. PakistanZindabad 💚 pic.twitter.com/wKqwQ4ZqWr
— Sana Mir ثناء میر (@mir_sana05) April 25, 2020
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزاز کی بات تھی، اب آگے بڑھنے کا وقت ہے تاہم میری خدمات کسی اور شکل میں جاری رہیں گی۔
ثنا میر نے 15 سال تک پاکستان کی نمائندگی کی، انہوں نے 137 میچز میں ویمن ٹیم کی کپتانی کی۔ وہ ون ڈے رینکنگ کی نمبر ون بولر رہیں، اور ون ڈے میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی اسپنر بھی ہیں۔
ثنا میر کی مجموعی وکٹوں کی تعداد 147 ہے اور یوں وہ ون ڈے کرکٹ کی کامیاب ترین خاتون اسپنر ہیں، وہ 100 وکٹیں لینے والی پاکستان کی پہلی اور دنیا کی پندرہویں خاتون کرکٹر ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ شاندار کیریئر پر ثنا میر کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ثنا میر کی پاکستان ویمن کرکٹ کے لیے خدمات مثالی ہیں۔