انڈین فورسز اپنی ناکامیاں پاکستان کے سر نہ تھوپیں
اسلام آباد: دفتر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں دراندازی سے متعلق بھارتی الزام مسترد کردیا
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ انڈین فورسز اپنی ناکامیاں پاکستان کے سر نہ تھوپیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ وادی دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل ہو چکی ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام 9 ماہ سے غیر قانونی بھارتی محاصرے میں ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کی جانب سے جاری اہم بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی افواج کنٹرول لائن پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔
نام نہاد در اندازی اور لانچ پیڈ جیسے مضحکہ خیز بہانوں سے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
عائشہ فاروقی نے کہا کہ حالیہ واقعات تلخ حقائق کی عکاسی کرتے ہوئے بھارتی مظالم کے انجام کی نشاندہی کر رہے ہیں۔ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو پوری دنیا میں اجاگر کر رہا ہے۔
بھارتی افواج کنٹرول لائن پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ کورونا وبا کے باوجود مقبوضہ کشمیر کے عوام پر بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔