کراچی: احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی پر کراچی کے معروف تجارتی مراکز انتظامیہ نے سیل کردی۔
لاک ڈاؤن کے دوران ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے پر زینب مارکیٹ کھلنے کے تیسرے روز بعد ہی بند کردی گئی، کراچی کے معروف تجارتی مراکز زینب مارکیٹ، وکٹوریہ مارکیٹ اور انٹرنیشنل مارکیٹ انتظامیہ نے سیل کردی۔
کراچی کی ضلعی انتظامیہ نے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر زینب مارکیٹ میں کارروائی کرتے ہوئے مارکیٹ کوسیل کردیا، اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر اور دکانداروں میں تلخ کلامی کے واقعات بھی پیش آئے۔
ایس او پیز پر عمل درۤآمد نہ ہونے پر اسسٹنٹ کمشنر صدر آصف رضا چانڈیو نے کارروائی کی، جس پر دکاندار مشتعل ہوگئے۔
بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر نے وکٹوریہ مارکیٹ اور انترنیشنل مارکیٹ کو بھی تالا لگا کر اس کو سربمہر کردیا، مارکیٹیں سیل کرنے میں مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، تاجروں کے احتجاج کے باعث پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی۔
اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ دکانداروں نے سینیٹائزر کا استعمال نہیں کیا، اس کے علاوہ ماسک اور گلووز بھی نہیں پہن رکھےتھے، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر زینب مارکیٹ کو سیل کیا گیا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دکانداروں کا کہنا تھا کہ ہم ایس او پی پر مکمل عملدرآمد کررہے تھے۔