بجٹ پیش کرنے کی تیاریوں میں تیزی
اسلام آباد : وفاقی بجٹ تجاویز 2 جون کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔
وفاقی بجٹ 12 جون کو پیش کرنے کی تیاریوں میں تیزی آگئی ہے۔ وزیر اعظم نے 12 جون سے قبل باقاعدگی کے ساتھ بجٹ بریفنگ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے آئندہ بجٹ کا مجموعی حجم 10 فیصد بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئندہ مالی سال میں ساڑھے سات ہزار ارب سے زیادہ کا وفاقی بجٹ پیش کئے جانے کا امکان ہے۔
بجٹ محصولات کا ہدف ساڑھے 4100 سے 4500 ارب، وفاقی ترقیاتی بجٹ 530 ارب اور ترقیاتی منصوبوں کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت 200 ارب سے زائد مختص کئے جانے کا امکان ہے۔
رواں سال وفاقی بجٹ میں تین ہزار ارب روپے تک کا خسارہ متوقع ہے۔ کورونا سے نمٹنے، کاروباری طبقے کے ریلیف کے لئے 1 ہزار ارب سے مختص کیئے جائیں گے۔ تعمیراتی صنعت کو وفاقی بجٹ میں خصوصی مراعات دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
آئندہ بجٹ میں بنیادی اشیائے خوردونوش اور ادویات سے متعلق اشیاء پر ٹیکس کی شرح مزید کم ہوگی۔
وفاقی حکومت صحت کا بجٹ صوبوں سے مشاورت کے ساتھ تیار کرنا چاہتی ہے۔ وفاقی اور صوبائی صحت بجٹ میں خاطر خواہ اضافے کا امکان ہے۔ ملکی سلامتی کے پیش نظر دفاعی بجٹ میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔
آئندہ بجٹ میں بڑے گھروِں،2 سے 4 کنال سے بڑے فارم ہاؤس پر ایک لاکھ تا دو لاکھ لگژری ٹیکس لگنے اور انتقال فیس میں اضافہ کا امکان ہے۔
بڑی گاڑیوں، قیمتی ٹائلز سمیت ایمپورٹڈ لگژری آئٹمز، پر تعیش اشیاء اور 160 ایمپورٹ آئٹمز پر دو فیصد ڈیوٹی لگانے کا بھی امکان ہے۔