پاکستان پوسٹ کے روایتی نظام میں تبدیلی
اسلام آباد: ملک میں ڈیجیٹل فرنچائز پوسٹ آفسز کے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
پاکستان پوسٹ کے روایتی نظام میں بھی انقلابی تبدیلی کا آغاز ہونے جا رہا ہے، ڈیجیٹل فرنچائز پوسٹ آفسز کا پائلٹ پراجیکٹ شروع ہوگا۔
ڈیجیٹل فرنچائز پوسٹ آفسز سے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بہترین سہولتیں ملیں گی، یہ ڈیجیٹل فرنچائز صارفین کو 2 سو سے زائد فنانشل سروسز فراہم کریں گے، بلوں اور اسکول فیسوں کی ادائیگی، اندرون و بیرون ملک رقم کی منتقلی بھی ہو سکے گی۔
اس سہولت کے ذریعے صارفین گھر بیٹھے یوٹیلیٹی اسٹورز سے اشیائے ضروریہ بھی منگوا سکیں گے، بھجوائے گئے سامان کی مکمل ٹریکنگ اور آن لائین ٹریسنگ ممکن ہو سکے گی، 3 سال میں ایک لاکھ 25 ہزار ڈیجیٹل فرنچائز پوسٹ آفسز کھولے جائیں گے۔
اس منصوبے سے ڈھائی لاکھ افراد کو براہ راست روزگار ملے گا، پائلٹ پراجیکٹ کے تحت 50 فرنچائز پوسٹ آفسز کل سے آپریشنل ہو جائیں گے، ابتدائی طور پر صرف ڈیڑھ لاکھ روپے سے اسٹارٹنگ کٹس حاصل کی جا سکیں گی۔
ڈیجیٹل فرنچائز آن لائن پورٹل اور موبائل ایپ کے ذریعے آپریٹ ہوگی، یہ پوسٹ آفسز صارفین کو ویلیو ایڈڈ سروس بھی فراہم کریں گے۔