Featuredاسلام آباد

طارق عزیز کے انتقال پرسیاسی شخصیات کااظہارافسوس

ہم ایک مثبت اوراعلی ظرف انسان سےمحروم ہوگئےہیں

معروف اداکار ، میزبان، ادیب اور شاعر طارق عزیز کے انتقال پر صدر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

معروف اداکار ، کمپیئر، ادیب اور شاعر طارق عزیز آج حرکت قلب بند ہونے سے اپنے خالق حقیقی سے جا ملے جس پر ہر آنکھ اشک بار ہے۔

صدر مملکت عارف علوی نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ طارق عزیز نے فن کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دیں، ٹیلی ویژن کے شعبے میں وہ ایک ادارےکی حیثیت رکھتے تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ طارق عزیز کی رحلت کے بارے میں جان کر نہایت افسردہ ہوں، وہ اپنے دور کی ایک نامور شخصیت اور ٹیلی ویژن پر تفریحی پروگرام (ٹی وی گیم شو) کے موجد تھے، میری دعائیں اور ہمدردیاں ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ طارق عزیز ایک ہمہ جہت شخصیت کے حامل تھے، وہ ایک باکمال کمپیئر، آرٹسٹ، شاعر اور ادیب تھے۔

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے بھی اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ  طارق عزیز نے دہائیوں تک پی ٹی وی کے ذریعے پاکستانی عوام کو تعلیم و تفریح فراہم کی، وہ اعلی فنکارانہ صلاحیتوں کی حامل ادبی شخصیت تھے اور لوگوں کے دل میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے  بھی بھاری دل سے کہا کہ ”سنتے کانوں، دیکھتی آنکھوں کو  طارق عزیز کا سلام پہنچے“ کہنے والی آواز خاموش ہو گئی ہے۔

قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے گہرے رنج و غم کے ساتھ کہا کہ طارق عزیز نے ٹی وی کمپیئرنگ کے فن میں نئی جہت متعارف کرائی، انہوں نے ریڈیو، ٹی وی، فلم کے ہر میڈیم پر اپنی قابلیت کا لوہا منوایا، وہ وطن کی پہچان، اس کی ’دعا‘ اور ’پاکستان زندہ باد کی پرجوش آواز تھے۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا ثمن رائے کا کہنا تھا کہ طارق عزیر کئی دہائیوں تک الحمرا میں اپنا عالمی شہرت یافتہ پروگرام کرتے رہے، انہوں نے اپنے کام کے ذریعے کئی رجحان متعارف کروائے، وہ ایک ادارے کی حیثیت رکھتے تھے۔

انہوں نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الحمرا سے ان کا رشتہ بہت مضبوط تھا، آج ہم ایک مثبت اور اعلی ظرف انسان سے محروم ہو گئے ہیں۔

اس کے علاوہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان، وفاقی وزیر فوا د چوہدری، ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور دیگر سیاستدانوں نے بھی طارق عزیز کے جدا ہونے پر رنج و غم کا اظہا کرتے ہوئے ان کی مغفرت کے لیے دعا کی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close