کراچی: وائرس کی روک تھام کے لیے سرکاری ملازمین کے لیے ایس او پیز جاری
سندھ حکومت نے وائرس کی روک تھام کے لیے سرکاری ملازمین کے لیے نئے قواعد و ضوابط جاری کردیے جس کے تحت ملازمین کو پندرہ روز دفتر میں حاضر ہونا ہوگا۔
دفاتر میں افرادی قوت کو کم کرنے کے لیے ملازمین کی حاضری کو محدود رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
چیف سیکریٹری سندھ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سرکاری دفاتر میں افرادی قوت کم کرنے کے لیے ملازمین کو محدود تعداد میں بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اب ملازمین کو پندرہ روز دفتر آکر کام کرنا ہوگا جبکہ مہینے کے بقیہ 15 دن وہ گھر سے بیٹھ کر ہی دفتری امور انجام دیں گے۔
دفاتر آنے والے ملازمین کو سماجی فاصلے کو برقرار رکھنا، ماسک لگانا ہوگا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دائمی مرض میں مبتلاملازمین گھر میں رہ کرفرائض انجام دیں گے۔ چیف سیکریٹری سندھ نے ہدایت کی ہے کہ سرکاری دفاترمیں تمام ایس اوپیز پر عمل درآمد لازمی ہوگا۔
سندھ سیکریٹریٹ آنے والوں کو مرکزی گیٹ پر روکا جائے گا اور سیکریٹریٹ آنے کی ٹھوس وجوہات پر صرف متعلقہ دفتر تک جانے کی اجازت ہوگی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اگر افسران قرنطینہ کی وجہ سے چھٹی لینا چاہیں گے تو انہیں اپنی ٹیسٹ رپورٹ جمع کرانا ہوگی۔