اسلام آباد: وفاقی وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 25 روپے سے زائد تک اضافے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
پیٹرول کی قیمت میں 25 روپے 58 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 21 روپے 31 پیسے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔ اسی طرح مٹی کے تیل کی نئی قیمت 59 روپے ، لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 55 روپے 98 پیسے ہونے کا امکان ہے
ذرائع کے مطابق قیمتوں میں ہونے والے اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 100 روپے 10 پیسے، ڈیزل کی نئی قیمت 101 روپے 46 پیسے ہونے کا امکان ہے لائٹ ڈیزل کی قیمت میں بھی 17 روپے 84 پیسے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 23 روپے 50 پیسے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نفاذ یکم جولائی کے بجائے آج رات 12 بجے سے ہی ہونے کا امکان ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کچھ دیر بعد کیا جائے گا۔