لاہور: پاکستان نےساڑھے 3 ماہ بعد کرتارپورراہداری دوبارہ کھول دی ہے۔
جس کےبعد اگر یاتری دربار صاحب درشن کیلیے آتے ہیں تو ان کی امیگریشن اور کسٹم کلیئرنس کے بعد دربار صاحب بھجوایا جائے گا۔ گورودوارہ دربار صاحب کرتارپور ماتھا ٹیکنے کیلیے آنے والوں کو ایس او پیز کا خیال رکھنا ہوگا۔
بھارت کی شرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی سمیت دنیا بھر کی سکھ سنگتوں کی طرف سے پاکستان کے اس اقدام کا خیرمقدم جبکہ بھارتی حکومت کے رویئے پرمایوسی کا اظہار کیا جارہا ہے۔
گورودوارہ دربار صاحب کرتارپور کے ہیڈ گرنتھی گیانی گوبند سنگھ نے بتایا کہ 16مارچ کو کورونا وبا کی وجہ سے کرتارپور راہداری بند کر دی گئی تھی پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی نے بھی آج29 جون سے گورودوارہ دربارصاحب کھولنے کے اقدام کوسراہا ہے۔ سردار ستونت سنگھ نے بتایا کہ پاکستان کا یہ مثبت اقدام ہے لیکن بھارت کی طرف سے راہداری نہ کھولنے کے فیصلے سے انہیں مایوسی ہوئی ہے ۔