تہران: فیکٹری میں دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ دیگر تین زخمی ہوئے ہیں۔
سرکاری نیوز ایجنسی نے دھماکے کو انسانی غلطی کا نتیجہ قرار دیا ہے، مقامی اعلیٰ عہدیدار امین بابائی کے مطابق تہران سے 23 کلومیٹر دور واقع بقرشہر کے صنعتی ایریا میں قائم ایک فیکٹری میں دھماکا ہوا جس میں 2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ دھماکا اس قدر زور دار تھا کہ متصل فیکٹریوں کی دیواریں ٹوٹ گئیں اور دور دور تک دھماکے کی آواز سنائی دی گئی۔
عہدیدار کا کہنا ہے کہ دھماکا ملازمین کی کوتاہی اور غفلت کا نتیجہ ہے، آکسیجن ٹینک سے غفلت برتنے کی وجہ سے جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
یہ دھماکا ایک ایسے وقت میں ہوا جب ایران میں حساس تنصیبات میں دھماکوں اور آتشزدگی کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔