لاہور: ٹریفک اہلکار سے بداخلاقی کا واقعہ لاہور کے علاقے گلبرگ میں پیش آیا۔
خاتون نے اخلاقیات کی تمام حدیں پار کردیں، ٹریفک وارڈن سے بد تمیزی کی بلکہ اسے سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دے ڈالیں۔
خاتون کی جانب سے غلط جگہ گاڑی پارک کرنے پر وارڈن نے اسے آگاہ کیا اور کار ہٹانے کو کہا جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی تھی۔
خاتون ڈرائیور کو یہ ہدایت بری لگ گئی اور وہ آپے سے باہر ہوکر ٹریفک اہلکار سے بد تمیزی کرنے لگی۔ اس دوران خاتون نے وارڈن سے وائر لیس سیٹ بھی چھیننے کی کوشش کی۔
خاتون کی اس بدسلوکی کی وجہ سے کافی دیر تک ٹریفک کی روانی رکی رہی۔ گلبرگ پولیس نے وارڈن کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا اور خاتون کے خلاف قانونی کارروائی کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔