اداکارہ نایا ریویرا کی لاش کو تلاش کرلیا گیا
ایک ہفتے کی تلاش کے بعد اداکارہ نایا ریویرا کی لاش مل گئی
نایا ریویرا نے بطور چائلڈ آرٹسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا تاہم انہوں نے فلموں میں اداکاری کی شروعات 2011 میں کی تھی۔
امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کے قریب پیرو جھیل میں 8 جولائی کو نہانے کے دور ڈوب جانے والی 33 سالہ اداکارہ نایا ریویرا کی لاش کو تلاش کرلیا گیا۔
نایا ریویرا 8 جولائی کی دوپہر کو اپنے 4 سالہ بیٹے کے ساتھ لاس اینجلس سے 45 میل دوری پر واقع پیرو جھیل کی سیر کرنے پہنچی تھیں۔
اداکارہ نے جھیل کی سیر کے لیے کرائے پر کشتی حاصل کی تھی اور جھیل میں جانے کے بعد وہ نہانے کے لیے جھیل میں اتریں اور پھر واپس نہیں آئیں۔
اداکارہ کی کشتی کے قریب سے ایک اور کشتی گزری تھی، جس پر سوار افراد نے اداکارہ کی کشتی پر بچے کو لاوارث حالت میں دیکھتے ہوئے ریسکیو حکام کو مطلع کیا تھا۔
کشتی پر موجود لاوارث بچہ اداکارہ نایا ریویرا کا 4 سالہ بیٹا تھا، جنہوں نے حکام کو بتایا کہ ان کی والدہ نہانے کے لیے جھیل میں اتری تھیں مگر وہ واپس نہیں آئیں۔
بچے کی فراہم کردہ معلومات کے بعد حکام نے 8 جولائی کو ہی فوری طور پر ڈوب جانے والی اداکارہ کی تلاش شروع کردی تھی مگر ریسکیو حکام ایک ہفتے تک ان کی لاش کو ڈھونڈنے میں ناکام رہے تھے۔
حکام نے بڑے پیمانے پر اداکارہ کی لاش کو تلاش کرنے کی مہم جاری رکھی اور ہیلی کاپٹرز سمیت جدید آبدوزوں کی مدد بھی حاصل کی گئی۔
6 دن کی کوششوں کے بعد 13 جولائی کی شب کو حکام نے پیرو جھیل کے اسی مقام سے ایک لاش برآمد کرلی تھی، جہاں اداکارہ نہانے کے لیے اتری تھیں۔
تاہم اس وقت حکام نے فوری طور پر اس بات کی تصدیق نہیں کی تھی کہ ملنے والی لاش اداکارہ کی ہی ہے۔ تاہم اب حکام نے تصدیق کردی کہ جھیل سے ملنے والی لاش نایا ریویرا کی ہی ہے۔
مقامی حکام نے تصدیق کی کہ گزشتہ شب ملنے والی لاش اداکارہ نایا ریویرا کی ہی ہے اور لاش ملنےسے متعلق اداکارہ کے اہل خانہ کو آگاہ کردیا گیا۔
حکام کے مطابق اداکارہ کی لاش سے نمونے لے کر میڈیکل چیک اپ کے لیے بھیج دیے گئے ہیں اور اب تک کی معلومات سے پتا چلتا ہے کہ اداکارہ کو کسی نے قتل نہیں کیا اور نہ ہی وہ خودکشی کا واقعہ ہے۔