لاہور: شہبازشریف نے یوم الحاق پاکستان پر کشمیریوں کو خراج تحسین کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی اور بھارت کی شکست نوشتہ دیوار ہے۔
ٹوئٹر بیان میں شہبازشریف نے کہا کہ یوم الحاق پاکستان پرکشمیریوں کوخراج تحسین پیش کرتےہیں، حق خودارادیت کیلئے کشمیریوں سےزیادہ کسی نےمشکلات نہیں دیکھیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں اور پاکستان کی منزل ایک ہے، منزل ایک ہےاسی لئے قائداعظم نے کشمیر کوپاکستان کی شہ رگ قرار دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ کشمیریوں نے قیام پاکستان سےپہلے الحاق پاکستان کا فیصلہ کیا،19 جولائی 1947 کومسلم کانفرنس کےنمائندہ اجلاس میں قراردادمنظورکی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی جدوجہد میں ہر پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ تھا، ہےاور رہے گا کشمیراسی طرح کشمیریوں کا ہے جیسےفلسطین فلسطینیوں کااور انگلستان انگریزوں کا۔
خیال رہے کہ کشمیریوں کے حقیقی نمائندوں نے 19 جولائی 1947 کو سری نگر میں آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے اجلاس میں پاکستان سے الحاق کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی تھی۔
لیکن 26 اکتوبر 1947 کو کشمیر کے مہا راجا نے عوامی خواہشات کے برخلاف بھارت سے الحاق کا اعلان کر دیا جس کے بعد وادی میں بھارتی فورسز داخل ہوگئیں اور نہتے کشمیریوں پر نہ رکنے والے ظلم وستم کی ابتدا ہوئی۔
قابض بھارتی فوج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ تاحال برقرار ہے۔