تہران : ایران نے پاسدارانِ انقلاب قدس فورس کے سربراہ شہید قاسم سلیمانی کی جاسوسی کرنے والے مخبر کو تختہ دار پر لٹکا دیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی شہری محمد موسوی ماجد کے امریکی سی آئی اے اور اسرائیلی انٹیلی جنس موساد سے روابط تھا۔ جنرل قاسم سلیمانی کی جاسوسی کرنے والے مخبر کو سزائے موت دے دی ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق موسوی ماجد نے سیکیورٹی حکام، مسلح افواج اور بالخصوص جنرل قاسم سلیمانی سے متعلق انٹیلی جنس معلومات سی آئی اے اور موساد کو فراہم کی تھیں۔
ایرانی عدلیہ کے ترجمان غلام حسین اسماعیلی نے موسوی ماجد کی سزائے موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم کو عدالت انصاف نے سزا سنائی جس پر پیر کے روز عملدرآمد کیا گیا۔
غلام حسین اسماعیلی کا کہنا تھا کہ موسوی ماجد نے عراق میں داعش کے خلاف لڑنے والے قدس فورس کے کمانڈر کے ٹھکانےکا راز افشا کیا تھا۔
واضح رہے کہ امریکا نے رواں برس 3 جنوری کو عراق کے شہر بغداد میں ایرانی قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی گاڑی کو نشانہ بنایا جس میں جنرل قاسم ساتھیوں سمیت شہید ہوگئے تھے۔