کراچی: رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے دعویٰ کیا ہے کہ کے الیکٹرک کا لائسنس معطل ہونے والا ہے۔
اہل کراچی کو کے الیکٹرک نے بہت تنگ کیا، صنعت، تجارت، کاروبار تباہ ہوگئے، شہریوں کی زندگیاں اجیرن ہوگئیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک آسمان سے اترے فرشتوں کا ادارہ نہیں ہے، انہوں نے بہت تنگ کرلیا۔
کے الیکترک آسمان سے اُترے فرشتوں کا ادارہ نہیں ، بہت تنگ کرلیا انہوں نے اہلیان کراچی کو، بہت ستالیا انہوں نےمعصوم بچوں کو، صنعت، تجارت ، کاروبار سب تباہ کردیا،وزیراعظم جی ہدایت پر نیپرا کے اہم افرادسے اسلا م آباد میں ملاقات ہوئی، کے الیکٹرک کا لائسنس معطل ہونے والا ہے
— Aamir Liaquat Husain (@AamirLiaquat) July 23, 2020
عامر لیاقت حسین کا اپنے ٹویٹ میں کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے اہم افراد سے اسلا م آبادمیں ملاقات ہوئی۔
شہرقائد کے لوگ غیر اعلانیہ اور اضافی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کے الیکٹرک کے خلاف شدید برہم ہیں، کراچی کے مختلف علاقوں میں بدترین لوڈشیڈنگ روزانہ کی بنیاد پر کی جارہی ہے، گھنٹوں لائٹ غائب رہتی ہے اور کوئی پرسان حال بھی نہیں ہے۔
دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ شہر میں کہیں غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں کی جا رہی، مقامی فالٹ کو لوڈشیڈنگ سے تشبیہ دینا غلط ہے۔