سری نگر : بھارتی سرکار نے مظلوم کشمیریوں کو عید الضحیٰ کے دوسرے روز میں گھروں میں قید کیے رکھا۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کے علم بردار بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت نے کشمیریوں پر عید قرباں پر عرصہ حیات مزید تنگ کر دیا۔
بھارت کے زیر قبضہ کشمیر میں تین روز بعد بدترین لاک ڈاون کو پورا ایک برس مکمل ہوجائے گا، کشمیری عوام ایک اور عید بھارتی فوجیوں کے نرغے میں منانے پر مجبور ہیں، آج دوسرے روز بھی جنت نظیر وادی میں شہری گھروں میں قید رہے۔
یورپ میں کشمیر کونسل نے مقبوضہ وادی میں نماز عید کے اجتماعات پر پابندی کی مذمت کی جبکہ امریکی سیاست دان جمال بومین نے کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ بھارت کے 5 اگست کے غیر آئینی اقدام کے بعد مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی فوجی محاصرے کو ایک سال مکمل ہونے کے قریب ہے، گزشتہ روز مقبوضہ وادی میں نماز عید پر پابندی تھی، قابض بھارت نے سری نگر کی مساجد کھولنے نہ دیں، سفاک فوجی اہل کار مساجد پر پہرہ دے دیتے رہے۔