کراچی: محکمہ موسمیات نے شہر میں تین دن کے برسات کے اسپیل میں 100 سے 130 ملی میٹر بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عبدالقیوم بھٹو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہوا کا ایک کم دباؤ رن آف کچھ پر بن چکا ہے اور ہوا کا ایک اور کم دباؤ خلیج بنگال پر موجود ہے، آئندہ دو روز کے دوران یہ دونوں سسٹم بھارتی گجرات پر مل جائیں گے۔
انہوں نےکہا کہ ہوا کے دونوں دباؤ کے ملنے سے مون سون کی شدت میں اضافہ ہوگا اور مون سون کا یہ سسٹم جمعرات سے سندھ میں اثر انداز ہوگا جب کہ کراچی میں تین دن کے اسپیل کے دوران 100سے 130ملی میٹر بارش کا امکان ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ پچھلی بارشوں سے زیادہ بارشوں کا امکان ہے جس سے اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی ہے، ہماری جانب سے انتظامیہ کے لیے وارننگ جاری کردی گئی ہے، اگر نالوں کی بروقت صفائی نہیں کی گئی تو صورتحال بدترہوگی۔