بارش سےقبل آندھی چلنےاوربجلی گرنےکابھی امکان
کل شہر کادرجہ حرارت 41 ڈگری کوچھوسکتاہے
کراچی: محکمہ موسمیات نے کل بارش سے قبل آندھی چلنے اور بجلی گرنے کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کا ایک کم دباؤ خلیج بنگال اور دوسرا رن آف کچھ پر موجود ہے، کل تک یہ دونوں سسٹم گجرات کے قریب آپس میں مل سکتے ہیں اور جمعرات سے یہ سسٹم سندھ اپر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔
عبدالقیوم بھٹو نے بتایا کہ سسٹم کو سمندر سے نمی ملی تو یہ مزید مضبوط ہوسکتا ہے، جمعرات سے شہر میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا جب کہ کل شہر کا درجہ حرارت 41 ڈگری کو چھوسکتا ہے اور ہوا کے کم دباؤ کے باعث سمندری ہوائیں معطل ہوسکتی ہیں۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بارش سے قبل آندھی کے چلنے کا بھی امکان ہے جس سے ہوائیں 36 سے 54کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں جب کہ سندھ کے ساحلی اور زیریں علاقوں میں بجلی گرنے کے واقعات بھی ہوسکتے ہیں۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے اپیل کی کہ بارش کے دوران کھلے میدان میں جانے سے گریز کریں اور مویشیوں کو بھی کھلے میں نہ چھوڑیں۔