میٹرک اورانٹر کے امتحان سے متعلق پرموشن پالیسی کی منظوری
مارکس سرٹیفکیٹ پر سال اوّل کے نمبرظاہر کیے جائیں گے
کراچی: سندھ میں میٹرک اورانٹر کے امتحان سے متعلق پرموشن پالیسی اور سال 2020 کی خصوصی مارکس شیٹ جاری کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے۔
گذشتہ روز حیدر آباد تعلیمی بورڈ میں سندھ کے تمام تعلیمی بورڈ کے چیئرمین، کنٹرولرز اورآئی ٹی منیجرز کے اجلاس میں منظوری دی گئی جس میں پرموشن پالیسی کا جائزہ لیتے ہوئے اسے اختیارکرنے کا طریقہ کار اور اس میں درپیش مسائل کو حل کرنے پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں طے کیاگیا کہ طالبعلم کو سال اوّل کے مطابق سال دوئم میں نمبر دیے جائیں اور اس میں 3 فیصد کا اضافہ کردیا جائے گا اور مارکس سرٹیفکیٹ پر سال اوّل کے نمبرظاہر کیے جائیں گے جب کہ سال دوئم کے مضامین کے آگے ظاہر نہیں ہوں گے لیکن اگر کوئی طالبعلم کسی بھی مضمون میں فیل ہوا ہوگا تو اس کوپالیسی کے مطابق پاس کرتے ہوئے اس مضمون کے آگے نمبر ظاہرکیے جائیں گے۔
سال اوّل میں ناکام یا غیر حاضر طالبعلم کے لیے پالیسی کے مطابق واضح کیاگیا کہ اگر کوئی طالب علم دو پرچوں میں ناکام ہے تو اس کو پاس مضامین کے اوسط نکال کر فیل پرچوں کے نمبر شمار کیے جائیں گے لیکن اگر کوئی طالب علم دو پرچوں سے زیادہ میں فیل یا غیر حاضر ہے تو اس کو 33 نمبر فی پرچہ دے کر پاس کیا جائے گا۔