"مومو” کوطلاق کیوں ہوئی؟؟ اداکارہ نےرازسےپردہ اٹھادیا
ہمارےدرمیان کوئی اختلاف نہیں تھانہ ہی وہ کوئی براانسان تھا
کراچی: نامور اداکارہ حنا دلپزیر نے اپنی زندگی کی کہانی بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے شوہر نے انہیں غصے میں طلاق دیدی تھی۔
ڈراما سیریل ’’بلبلے‘‘ اور ’’قدوسی صاحب کی بیوہ‘‘ میں اپنی جاندار اداکاری سے پاکستان شوبز میں منفرد پہچان بنانے والی اداکارہ حنا دلپزیر حال ہی میں عفت عمر کے شو میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنی زندگی، شادی، طلاق اور پاکستانی ڈراموں سے متعلق کھل کر باتیں کیں۔ حنا دلپزیر نے بتایا کہ ان کی پسند کی شادی ہوئی تھی لیکن پھر اچانک شادی کے چند سال بعد ہی ان کے شوہر نے انہیں غصے میں بلاوجہ طلاق دیدی۔
حنا دلپزیر نے کہا جس وقت میری طلاق ہوئی میں صرف 23 سال کی تھی اور میرا بیٹا صرف تین یا چار سال کا تھا۔ ہمارے درمیان کوئی اختلاف نہیں تھا نہ ہی وہ کوئی برا انسان تھا، میری نیک تمنائیں میرے سابق شوہر کے ساتھ ہیں۔
انٹرویو کے دوران حنا دلپزیر نے پاکستانی ڈراموں میں دکھائی جانے والی کہانیوں پر بھی تنقید کی اور کہا کہ ہمارے یہاں ڈراموں میں کہانی چند خاص کرداروں سے آگے ہی نہیں بڑھ رہی جس میں بس ایک سترہ، اٹھارہ سال کی لڑکی دکھائی جاتی ہے جس کی شادی کے مسئلے چل رہے ہوتے ہیں کبھی لڑکی کے گھر والے نہیں مان رہے تو کبھی لڑکے کے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلے کہانی لکھنے والے اپنی تخلیق کے ذریعے لوگوں کو ایک پیغام دیتے تھے جب کہ آج ہمارے یہاں مصنف کو چند خاص اداکاروں کے نام دے دئیے جاتے ہیں اور ان سے مطالبہ کیاجاتا ہے کہ ان کو سامنے رکھ کر بس کہانی لکھ دیں یہاں تک کہ اداکار بھی پہلے سے ہی منتخب کرلیے جاتے ہیں۔