Featuredبلاگ

پاکستان زندہ باد

آزادی کے لیے ہمارے اجداد و بزرگوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں

آزاد وطن کا حصول بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی شب و روز محنت اور شاعر مشرق علامہ اقبال کے خواب کی تکمیل ہے۔

تحریر۔ نازیہ علی "پاکستان کی بیٹی”

آزادی کے لیے ہمارے اجداد و بزرگوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔

ہر سال 14 اگست کو پوری قوم یوم آزادی پاکستان بھر پور جوش و جذبے کے ساتھ مناتی ہے بلاشبہ قوموں کو اپنی آزادی برقرار رکھنے کے لیئے بے شمار قربانیاں دینی پڑتی ہیں، ہمارے وطن کی آزادی شہداء کے خون کی مرہون منت ہے اور یہ سچ ہے کہ شہداء ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہیں اور ان کی قربانیاں ہمارے اوپر ان کا قرض ہے۔آزادی کے لیے ہمارے اجداد و بزرگوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔

آزاد وطن کا حصول بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی شب و روز محنت اور شاعر مشرق علامہ اقبال کے خواب کی تکمیل ہے۔

جشن آزادی کی خوشیاں مناتے وقت ہمیں آزادی سے محروم مسلمانوں اور مظلوموں کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہئیے کیونکہ آزادی کی نعمت سے محروم کشمیری اور فلسطینی اپنے لہو سے آزادی کی جدوجہد کی شمع روشن کیے بیٹھے ہیں۔

اس سال جشن آزادی کورونا وائرس کی وبا کے دوران آئی ہے گو کہ اب اس وائرس کا زور کم ہوگیا ہے مگر جشن آزادی کی تقریبات مناتے وقت احتیاط کرنا ضروری ہے۔جشن آزادی پاکستان کی تیاری اور اہتمام ہر سال بہت منفرد اور خوبصورت انداز میں کیا جاتا ہے۔
گذشتہ سال بھی یوم آزادی پاکستان کو یوم یکجہتی کشمیر سے منسوب کیا گیا اور اس سال بھی عوام پاکستانی پرچم کے ساتھ کشمیری پرچم کی خریداری کرتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔
جب سے پاکستان قائم ہوا ہے یوم آزادی پاکستان ہر سال 14 اگست کو پورے پاکستان میں آزادی کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔


پاکستانی قوم کیلئے یہ وہ دن ہے جب پاکستان آزاد ہوا۔ 14 اگست کا دن پاکستان میں سرکاری سطح پر قومی تہوار کے طور پر بے انتہائی دھوم دھام اور جذبے سے منایا جاتا ہے۔
پاکستانی عوام اس روز اپنا قومی پرچم فضا میں بلند کرتے ہوئے اپنے شہیدوں اور بہادروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
ملک بھر کی اہم سرکاری عمارات پر چراغاں کیا جاتا ہے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کو خاص طور پر سجایا جاتا ہے اس کے خوبصورت مناظر کسی جشن کا سماں پیدا کر رہے ہوتے ہیں۔

یہیں ایک قومی حیثیت کی حامل تقریب میں صدر پاکستان اور وزیراعظم پاکستان قومی پرچم بلند کرتے ہیں۔ان تقاریب کے علاوہ نہ صرف صدارتی اور پارلیمانی عمارات پر قومی پرچم لہرایا جاتا ہے بلکہ پورے ملک میں سرکاری اور نیم سرکاری عمارات پر بھی سبز ہلالی پرچم پوری آب و تاب سے بلندی کا نظارہ پیش کر رہا ہوتا ہے۔
ریڈیو، ٹیلی ویژن اور انٹرنیٹ پہ براہ راست صدر پاکستان اور وزیراعظم پاکستان کی تقاریر کو نشر کیا جاتا ہے اور اس عہد کی تجدید کی جاتی ہے کہ ہم سب نے مل کر اس وطن عزیز کو ترقی، خوشحالی اور کامیابیوں کی بلند سطح پر لے جانا ہے۔
پاکستان کو موجودہ حالات میں نا صرف بیرونی بلکہ اندرونی دہشت گردی کا بھی سامنا ہے ہمیں آج کے دن یہ ضرور یاد رکھنا چاہئیے کہ ہم زندہ قوم ہیں ہم آزاد ہیں اور آزادی کی یہ نعمت ہمیں اپنے اجداد کے بہتے لہو اور قربانیوں سے حاصل ہوئی ہے۔


اس وطن کی حفاظت اور اس آزادی کو قائم رکھنا ہم سب کا فرض ہے۔


آئیے اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ ہم سبز ہلالی پرچم کی طرح اس وطن پاکستان کو بھی عروج و ترقی کی بلندیوں تک پہنچائیں گے اور دشمن کی کسی سازش کو کبھی پورا نہیں ہونے دیں گے۔
یہ وطن ہماری پاکستانی قوم کی پہچان ہے اور پاکستانی قوم پہچان کی حفاظت کرنا جانتی ہے اور سب کے دل میں ایک ہی نعرہ گونجتا ہے۔
پاکستان زندہ باد

 

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close