Featuredدنیا

فرانس میں لاک ڈاؤن کا خاتمہ، 24 گھنٹوں میں 3ہزار سے زائد کرونا کیسز رپورٹ

پیرس : فرانس میں ایک روز میں ساڑھے 3 ہزار سے زائد کرونا کیسز رپورٹ ہوگئے، یہ کیسز کرونا لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد ریکارڈ ہوئے ہیں۔ ماہرین نے صورتحال قابو سے باہر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس کی جان لیوا وبا نے ایک مرتبہ پھر اپنے وار شروع کردئیے ہیں، نیوزی لینڈ کے بعد فرانس میں بھی صرف گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 3 ہزار 776 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، یہ لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد نئے کیسز کی بلند ترین تعداد ہے۔

فرانسیسی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس ایک بار پھر پھیل رہا ہے اور اس بار عمر کی کوئی قید نہیں۔ بچے، بڑے اور بوڑھے یکساں طور پر وائرس کا شکار ہورہے ہیں۔

حکام کے مطابق نئے کیسز کی زیادہ تعداد اس وقت دارالحکومت پیرس اور مارسی میں ہے۔

طبی ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ دو روز قبل پیرس کے مشہور علاقے شانزے لیزے پر عوام کے جشن کے بعد کرونا کیسز میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

2 روز قبل فرانسیسی ٹیم پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کے چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں پہنچنے کے بعد عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی تھی اور اس دوران احتیاطی تدابیر بھی نظر انداز کردی گئیں۔

خیال رہے کہ فرانس نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے آغاز میں یورپی ممالک میں سب سے پہلے سخت ترین لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا تاہم لاک ڈاؤن ختم کیے جانے کے بعد کرونا کیسز کی شرح بڑھتی دکھائی دے رہی ہے۔

کرونا وائرس کے نئے کیسز کے بعد اب فرانس میں مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 25 ہزار 43 ہوچکی ہے جبکہ اب تک 30 ہزار 468 کرونا کے مریض ہلاک ہوچکے ہیں۔ ملک میں صحت یاب ہوجانے والے افراد کی تعداد 84 ہزار 65 ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close