ریاض : سعودی حکومت نے کاروباری افراد کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام تاجر رقوم کی ادائیگی کےلیے ڈیجٹل پیمنٹ سسٹم نصب کروائیں ورنہ قانونی کارروائی کا سامنا کریں۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی وزارت تجارت کے ترجمان عبدالرحمن الحسین نے تاجروں و کاروباری افراد کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے تجارتی ادارے اور دکانیں جہاں ڈیجیٹل ادائیگی سسٹم نصب ہے ان کے مالکان کو تادیبی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
خلاف ورزی کے مرتکب دکانوں اور تجارتی اداروں کو سیل کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
ترجمان وزارت تجارت کا کہنا تھا کہ وزارت کی جانب سے مختلف تجارتی شعبوں کو مرحلہ وار وقت دیا گیا تھا تاکہ وہ اپنی سہولت کے مطابق سسٹم نصب کرالیں۔
انہوں نے کہا کہ فنی رکاوٹ نہ ہونے پر ایسی دکانوں اور تجارتی اداروں کے خلاف تادیبی کارروائی کرتے ہوئے انہیں سیل کردیا جائے گا جس میں ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم نہیں ہوگا۔