اسلام آباد : بین الپارلیمانی یونین کی صدر گیبریلاکیویس بیرن کی پارلیمنٹ ہاؤس آمد کے موقع پر صادق سنجرانی نے کہا کہ بین الپارلیمانی یونین کی 130 سالہ تاریخ جدوجہد کی تاریخ ہے۔
تفصیلات کے مطابق بین الپارلیمانی یونین کی صدر گیبریلاکیویس بیرن کی پارلیمنٹ ہاؤس آمد کے موقع پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے بین الپارلیمانی یونین کی صدر کو آئی یو کے 130 سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کی۔
صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ بین الپارلیمانی یونین اہم تنظیم ہے، پاکستان امن و ترقی کے حل کیلئے ڈائیلاگ کو اہم سمجھتا ہے اور بین الپارلیمانی یونین ارکان کو ڈائیلاگ کا راستہ فراہم کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے اور علاقائی امن کےلیے کوشاں ہے، کرونا وائرس نے پارلیما نی سفارتکاری کی راہ میں بھی رکاوٹیں کھڑی کیں۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ موجودہ حالات میں جدید ٹیکنالوجی سے معاونت کو آگے بڑھانا ہوگا۔ انہوں نے اس کہا کہ بین الپارلیمانی یونین کی 130 سالہ تاریخ جدوجہد کی تاریخ ہے۔
اس موقع پر صدر آئی پی یو گیبریلا کیویس بیرن کا کہنا تھا کہ روابط کے فروغ کے لیے ملک کر کام کریں گے، پاکستان بین الپارلیمانی یونین کا مؤثر رکن ہے۔