Featuredاسلام آباد

شہر قائد کے لیے 1100 ارب کے پیکج کا اعلان

کراچی : وزیر اعظم عمران خان نے شہر کراچی کے لیے 1100 ارب کے پیکج کا اعلان کر دیا۔

کراچی کے لوگوں کو بہت مشکل حالات سے گزرنا پڑا، اب سب نے مشاورت کے بعد کراچی کے حل کے لیے فیصلہ کیا، پی سی آئی سی کے ذریعے کراچی کے مسائل حل کریں گے۔

کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کا اعلان کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے نیوز کانفرنس میں شہر قائد کے لیے گیارہ سو ارب روپے کے بڑے پیکج کا اعلان کر دیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ کراچی کے لیے گیارہ سو ارب کا تاریخی پیکج لائے ہیں، جس میں 8 سو ارب وفاق اور 3 سو ارب روپے سندھ کا حصہ ہوگا، پانی کا مسئلہ پرانا ہے، کوشش ہے جلد سے جلد حل ہو۔

انھوں نے کہا سیوریج سسٹم کا 1100 ارب کے پیکج میں حصہ ہوگا، ٹرانسپورٹ، سالڈ ویسٹ، پانی اور سیوریج سسٹم کے مسائل حل کیے جائیں گے، کراچی کے سرکلر ریلوے کو اس پیکج سے مکمل کریں گے، ہماری کوشش ہے کراچی کے مسائل کو ایک ساتھ حل کریں۔

وزیر اعظم نے کہا کراچی میں پانی کا مسئلہ پرانا ہے، کوشش ہے کہ یہ مسئلہ جلد سے جلد حل ہو، این ڈی ایم اے نالے صاف کر رہی ہے اور کرے گی، اس قسم کی آفات میں پاک فوج ہمیشہ آگے آتی ہے، پی سی آئی سی کراچی سے متعلق فیصلوں پر عمل کرائے گی، کراچی کی ٹرانسپورٹ اور سڑکوں کا مسئلہ بھی اس پیکج کے ذریعے حل کیا جائے گا۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کراچی میں مختلف اداروں کی حدود ہیں، اس لیے یہاں فیصلوں کا نفاذ مشکل ہوتا تھا، کراچی کے مسائل کی ایک بڑی وجہ اختیارات کا تقسیم ہونا ہے، لیکن اب کراچی کے مسائل کے حل کے لیے ایک سال اور 3 سال کی پالیسیاں مرتب کی گئی ہیں، نالے وفاق صاف کرے گا، بے گھر ہونے والوں کی آباد کاری صوبہ کرے گا، سب کاموں کی مانیٹرنگ پی سی آئی سی کرے گی، جس میں وفاق، صوبائی حکومت اور فوج شریک ہوگی۔

انھوں نے کہا وزیر اعلیٰ سندھ نے مجھے اندرون سندھ کی صورت حال سے آگاہ کیا، ہم دیکھ رہے ہیں کہ اندرون سندھ کے لوگوں کی کس طرح مدد کر سکتے ہیں، بلوچستان اور سوات کے علاقے اور چترال بھی بارش سے متاثر ہوا ہے، جتنی بارشیں ابھی ہوئیں پہلے نہیں ہوئیں، اللہ نے ہمیں بارشوں کے امتحان میں ڈالا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے صوبائی کوآرڈینیشن عمل درآمد کمیٹی (پی سی آئی سی) بنائی گئی ہے، اب تمام فیصلے اس کمیٹی کے فورم پر ہوں گے، کرونا کے خلاف کامیابی کی بڑی وجہ مشترکہ لائحہ عمل تھا، سیلاب کا بھی مشترکہ حکمت عملی سے مقابلہ کریں گے، فیصلہ کیا ہے کہ کراچی کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کریں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close