اسلام آباد : اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے آذربائیجان کے سفیر سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان آذربائیجان سے تعلقات مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سے اسلام آباد میں آذربائیجان کے سفیر علی علی زادہ نے ملاقات کی ہے، ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر اسپیکر اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین پائیدار سفارتی تعلقات استوار ہیں، پاکستان آذربائیجان سے تعلقات مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ دونوں ممالک علاقائی اور عالمی معاملات پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں، ناگوارنوکرا باغ تنازعہ پر پاکستان آذربائیجان کی حمایت کرتا ہے۔
آذربائیجان کے سفیر علی علی زادہ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مستحکم ہورہے ہیں، آذربائیجان مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔