ریاض : ٹیکسی ڈرائیور کو بلا اجازت خاتون مسافر کی تصویر لینا مہنگا پڑگیا، پولیس بنا اجازت تصویر بنانے میں جرم میں گرفتار کرلیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق خلیجی ریاست سعودی عرب میں کسی بھی شخص کی بنا اجازت تصویر بنانا قانوناً جرم ہے، جس کی خلاف کے مرتکب شخص کو قید و جرمانے کی سزاؤں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں ایک ٹیکسی ڈرائیور نے خاتون مسافر کی بلا اجازت تصویر بناکر سوشل میڈیا پر شیئر کردی، جس پر خاتون مسافر نے پولیس میں شکایت درج کروا دی۔
خاتون کی شکایت پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ٹیکسی ڈرائیور کو گرفتار کرکے مزید قانونی کارروائی کےلیے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا۔
سعودی میڈیا کا کہنا ہے کہ خاتون مسافر کی تصویر بنانے والے ٹیکسی ڈرائیور کا تعلق ایشیائی ملک سے ہے۔
سعودی قوانین کے مطابق کسی بھی شخص کی بنا اجازت تصویر بنانے والے شخص کو ایک سال قید اور پانچ لاکھ ریال جرمانے کی سزا سنائی جاسکتی ہے۔