لاہور : وزیر اطلاعات پنجاب فیاض چوہان نے کہا ہے کہ گجرپورہ اجتماعی زیادتی کیس کے ملزمان کو نشان عبرت بنائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے گجرپورہ زیادتی کیس سے متعلق کہا ہے کہ چند گھنٹوں میں کیس کو منطقی انجام تک پہنچ جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اس تین بچوں کی ماں سے زیادتی کرنے والے ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کےلیے 28 ٹیمیں بنائی ہیں۔
مذکورہ ٹیمیں تحقیقات کررہی ہے، کچھ گھنٹوں میں کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے اور ملزمان کو عبرت کا نشان بنائیں گے۔
خیال رہے گزشتہ شب پولیس حکام نے گجرپورہ لنک روڈ پر بچوں کے سامنے ماں سے اجتماعی زیادتی کرنے والے مرکزی ملزم گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا جبکہ دوسرے ملزم کی گرفتاری کےلیےاب کرول گاؤں میں وسیع پیمانے سرچ آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب گزشتہ شب ہی رہنما تحریک انصاف ڈاکٹر شباز گل کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا گیا تھا کہ ‘بدقسمتی سے میڈیا پر چلنے والی خبریں غلط ہیں فی الحال کوئی ملزم گرفتار نہیں ہوا ہے’۔
واضح رہے کہ دو روز قبل لاہور کے قریب گجرپورہ لنک روڈ پر تین بچوں کی ماں سے بچوں کے سامنے اجتماعی زیادتی کا افسوس ناک واقعہ رونما ہوا تھا۔